سرسی 3؍مئی (ایس او نیوز) سرسی سداپور اسمبلی حلقے کے کانگریسی امیدوار بھیمنّا نائک کے گھر، ہوٹل اور دیگر ٹھکانوں پر ہبلی اورگوا سے آنے والے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے افسران منگل کی رات کو اچانک چھاپہ مارا تھا جو بدھ کی رات تک بھی چلتا رہا ۔
آئی ٹی افسران کے چھاپے کے وقت بھیمنّا نائک اپنے گھر پر موجود نہیں تھے ، لیکن ان کی بیوی اور بچے وغیر ہ گھر پر موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف مقامات پر چھاپہ مارکر تلاشی لی جارہی ہے اور وہاں پر دستیاب کاغذات کا معائنہ کیا جارہاہے۔ 24گھنٹے تک چلنے والے اس چھاپے کے دوران تاحال کوئی بڑی رقم یا غیر قانونی چیزیں افسران کے ہاتھ لگنے کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔
اس چھاپے کی خبر ملتے ہی کانگریسی کارکنان اور لیڈران بھیمنّا کے مکان کے باہر جمع ہوگئے تھے اور دوسرے دن دیر رات تک بھی تشویش کے ساتھ وہیں پر جمع رہتے ہوئے حالات کو سمجھنے کی کوشش کررہے تھے۔ اس دوران کانگریسی لیڈروں کی طرف سے الزام لگایا جارہا ہے کہ سیاسی طور پر ہراساں کرنے کے لئے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا سہارا لیا گیا ہے۔ چھاپے میں کوئی بھی غیر قانونی چیز ہاتھ نہ لگنے کے باوجود بار بار مکان اور دیگر مقامات کی تلاشی جاری رکھنا ظاہر کرتا ہے کہ یہ چھاپہ سیاسی بدنیتی کے ساتھ ماراگیا ہے۔اسی طرح بھیمنّا اور ان کے گھر والوں کو ذہنی طور پر ہراساں کرنے کا بھی الزام کانگریسی لیڈروں نے لگایا ہے ۔